اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار فلپائن اور کرغزستان کے دورے مکمل کرنے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دوروں کے دوران نائب وزیراعظم نے اہم علاقائی اجلاسوں میں شرکت کی اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کے مؤقف کو اجاگر کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے فلپائن میں آسیان ریجنل فورم اور وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، تجارتی روابط، سرمایہ کاری اور علاقائی تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔
ترجمان کے مطابق کرغزستان میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ اجلاس میں بھی نائب وزیراعظم نے پاکستان کی نمائندگی کی، جس میں علاقائی اور عالمی امور سمیت باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار کے دوروں کے دوران پاکستان نے آسیان اور ایس سی او پلیٹ فارمز پر فعال اور تعمیری سفارت کاری کے عزم کا اعادہ کیا۔ مختلف ممالک کے ساتھ روابط مزید مضبوط بنانے اور علاقائی تعاون بڑھانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم کا دورہ پاکستان کے سفارتی تعلقات، اقتصادی شراکت داری اور علاقائی روابط کے فروغ کے حوالے سے اہم پیش رفت کا باعث بنا۔




