لاہور : بھارت سے آنے والی ہواؤں نے لاہور کی فضا کو شدید آلودہ کر دیا ہے، جبکہ دہلی دنیا کے سب سے زیادہ آلودہ شہروں میں سرفہرست ہے۔ ماہرین کے مطابق اس بڑھتی ہوئی آلودگی سے سانس کے امراض، دمہ اور دیگر صحت کے مسائل میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کے مطابق دہلی میں 274 ریکارڈ کیا گیا، جبکہ لاہور میں یہ 228 رہی۔ شہر کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی شدت زیادہ رہی: لوئر مال 441، بیدیاں روڈ 324 اور رائیونڈ روڈ 310۔ دیگر شہروں میں بھی فضا آلودہ رہی، ملتان میں AQI 443، سیالکوٹ 294، گوجرانوالہ 278 اور بہاولپور میں 217 ریکارڈ کیا گیا۔
پنجاب حکومت نے سموگ سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات شروع کر دیے ہیں اور شہریوں کو ماسک استعمال کرنے، زیادہ دیر باہر نہ رہنے اور بچوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ماحولیاتی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بھارت سے آنے والی آلودہ ہوا کے ساتھ مقامی صنعتی اور ٹریفک آلودگی بھی فضا کے معیار کو خراب کر رہی ہے، اور مستقل حل کے لیے صنعتی فضائی آلودگی، گاڑیوں کے دھوئیں اور شہری منصوبہ بندی پر توجہ دینا ناگزیر ہے۔




