وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیرصدارت گیارہویں قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے خزانہ، پرائیویٹ ممبران کے علاوہ وزیرِ اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ این ایف سی کے معاملات کے لیے 6 سے 7 ورکنگ گروپس قائم کیے جائیں گے۔ سابق فاٹا کے امور کے لیے ایک الگ گروپ اور صوبوں کے ساتھ ٹیکس معاملات کے لیے بھی علیحدہ گروپ تشکیل دیا جائے گا۔
این ایف سی کے تمام ورکنگ گروپس دو دن کے اندر نوٹیفائی کیے جائیں گے۔ اجلاس میں آئندہ اجلاسوں کے شیڈول اور این ایف سی ایوارڈ کے ٹائم لائنز بھی طے کیے گئے ہیں۔ آئندہ اجلاس 8 یا 18 جنوری کو ہوگا، جس میں حتمی فیصلے کیے جائیں گے۔




