کوئٹہ:بلوچستان کے ضلع پشین سے تعلق رکھنے والے پاک فوج کے جوان میجر محمد انور کاکڑ کوئٹہ میں "فتنۃ الہندستان” سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے میں شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہو گئے۔
ترجمان کے مطابق، میجر انور کاکڑ بلوچستان میں تعینات تھے اور ملک دشمن عناصر کے خلاف فرنٹ لائن پر خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ شہادت سے قبل وہ ابلاغی محاذ پر بھی اہم کردار ادا کر رہے تھے، جہاں وہ دشمن کی جھوٹ پر مبنی مہمات کے خلاف موثر بیانیہ پیش کر رہے تھے۔
ذرائع کے مطابق، میجر انور کاکڑ نے پی سی ہوٹل گوادر پر ہونے والے دہشتگرد حملے کے دوران "فتنۃ الہندستان” کے دہشتگردوں کے خلاف ایک کامیاب آپریشن کی قیادت کی۔ اس دوران انہیں دو گولیاں لگیں، تاہم وہ ثابت قدم رہے اور مشن کو کامیابی سے مکمل کیا۔
میجر انور کاکڑ نے پاک فوج میں 10 سال سے زائد عرصے تک خدمات انجام دیں اور ہمیشہ وطن کی سربلندی کو مقدم رکھا۔ ان کے سوگواران میں والدین، اہلیہ اور تین بیٹے شامل ہیں۔
فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کا ازلی دشمن بھارت، جو روایتی جنگ میں بارہا شکست کا سامنا کر چکا ہے، اب دہشتگرد گروہوں کی پشت پناہی کے ذریعے پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتا ہے، مگر پاک فوج اور قوم ایسی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
شہادت کا یہ زخم جہاں قوم کے دلوں کو غمگین کرتا ہے، وہیں میجر محمد انور کاکڑ کی قربانی پاکستان کے دفاع کی تاریخ میں سنہری باب کے طور پر یاد رکھی جائے گی۔




