دوحہ :خاتونِ اول آصفہ بھٹو نے کہا ہے کہ خواتین کی بااختیاری ملک کی پائیدار ترقی کے لیے نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ قومی ترقی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک خواتین اور مرد مساوی مواقع اور اختیارات کے حامل نہ ہوں۔
دوحہ میں خواتین کے بااختیار بنانے سے متعلق بین الاقوامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آصفہ بھٹو نے کہا کہ پاکستان نے خواتین کی تعلیم، صحت، معاشرتی شمولیت اور قیادت کے شعبوں میں انقلابی اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین کی کامیابیاں اُن کی حوصلہ مندی، وژن اور قیادت کی عکاس ہیں۔
خاتونِ اول نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں صنفی مساوات اور خواتین کی قیادت کو فروغ دینے کی کوششیں قابلِ ستائش ہیں اور پاکستان بھی اس عالمی رجحان میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی، امن اور خوشحالی کے لیے خواتین کو ہر شعبے میں برابر مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔




