جھنگ: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ جھنگ میں کیتھ لیب کے قیام سے دل کے مریضوں کو فوری اور آسان علاج میسر آئے گا۔ پنجاب میں اب تک 16 کیتھ لیب فعال ہو چکی ہیں اور جہلم میں بھی جلد نئی لیب کھل جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ مری میں کارڈیک ہسپتال فعال ہے اور نواز شریف کینسر اسپتال تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ حکومت مفت ادویات، اعضا کی پیوندکاری، آن وہیلز کلینک اور دیگر صحت کی سہولیات پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے تاکہ عوام کو بہترین علاج فراہم کیا جا سکے۔
مریم نواز نے کہا کہ جھنگ میں میگا ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے ہیں، الیکٹرک بسیں عوام کو سہولت دے رہی ہیں، اور ضلع بہت جلد ترقی یافتہ اضلاع میں شامل ہو گا۔ انہوں نے انتظامیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ لا اینڈ آرڈر کی صورتحال بہتر ہوئی ہے اور عوام کو احساس ہونا چاہیے کہ ان کا خیال رکھنے والے موجود ہیں۔




