اسلام آباد: میانمار کے وزیر خارجہ تھان سوی پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ ان کی آمد پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے اور متعدد مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور میانمار کے درمیان طویل عرصے سے دوستانہ اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میانمار کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے اور وہ میانمار میں امن، ترقی اور خوشحالی کے خواہاں ہے۔
میانمار کے وزیر خارجہ تھان سوی نے اس شاندار میزبانی پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان کے ساتھ میانمار کے تعلقات بہت اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔




