کوئٹہ : پاکستان علماء کونسل کے سربراہ حافظ طاہر اشرفی اور قومی پیغامِ امن کمیٹی کے وفد نے کوئٹہ میں ایک پُر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن بیانیہ جاری کر دیا ہے۔ حافظ طاہر اشرفی نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان کی سلامتی کو چیلنج کرنے والے عناصر کے دن گنے جا چکے ہیں اور اب ان فتنوں کا جڑ سے خاتمہ ہی واحد حل ہے۔
حافظ طاہر اشرفی نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں اس وقت ’فتنہ الخوارج‘ اور ’فتنہ الہندوستان‘ کے دہشت گرد سرگرم ہیں جو سرحد پار سے پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی ناپاک سازشیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کابل انتظامیہ کو باور کرایا کہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال ہونے دینا کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران ایک اہم ترین نکتے پر زور دیتے ہوئے حافظ طاہر اشرفی نے کہا ہم افغانستان میں چھپے ان دہشت گردوں کے خلاف جاری جنگ کو جہاد سمجھتے ہیں۔ پاکستان کی بقا کی یہ جنگ پوری قوم کی جنگ ہے اور جو لوگ مذہب کی آڑ میں فتنہ پھیلا رہے ہیں، وہ کسی معافی کے مستحق نہیں ہیں۔
قومی پیغامِ امن کمیٹی کے اراکین نے واضح کیا کہ ملک کا ہر طبقہ، بالخصوص علماء کرام، اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی مقدم ہے اور قوم کا اتحاد ان بیرونی آلہ کاروں کے تمام عزائم کو خاک میں ملا دے گا۔




