اسلام آباد:اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست پر سماعت مکمل کرتے ہوئے چیف کمشنر کو فوری طور پر میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم جاری کر دیا ہے۔عدالتی حکم کے مطابق اس میڈیکل بورڈ میں ممتاز معالجین ڈاکٹر عارف اور ڈاکٹر ندیم شامل ہوں گے۔
یہ بورڈ بانی پی ٹی آئی کا تفصیلی طبی معائنہ کرے گا اور اپنی ماہرانہ تجاویز مرتب کر کے چیف کمشنر کو ارسال کرے گا۔
عدالت نے واضح کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو جیل سے ہسپتال منتقل کرنے سے متعلق کوئی بھی حتمی فیصلہ میڈیکل بورڈ کی جانب سے دی گئی سفارشات کی روشنی میں ہی کیا جائے گا۔ انتظامیہ بورڈ کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد قانونی ضوابط کے تحت اقدامات اٹھانے کی پابند ہو گی۔




