لاہور: 9 مئی کے واقعات کی گونج ابھی باقی ہے، اور اب انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے تحریکِ انصاف کی تین سرگرم خواتین رہنماؤں کے خلاف ایک اہم قدم اٹھا لیا ہے۔
جناح ہاؤس حملہ کیس میں مسلسل غیر حاضری کے باعث عدالت نے عالیہ حمزہ، صنم جاوید اور عائشہ بھٹہ کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔ جج منظر علی گل کی سربراہی میں ہونے والی سماعت کے دوران پولیس نے عدالت کو بتایا کہ یہ تینوں رہنما پہلے ہی 9 مئی کے دوسرے مقدمات میں سزائیں پا چکی ہیں، لیکن اب وہ اس مقدمے میں ٹرائل کا سامنا کرنے سے گریز کر رہی ہیں۔
عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ تینوں خواتین کے اشتہارات 2 اکتوبر تک شائع کر کے رپورٹ پیش کی جائے، تاکہ قانون کے تقاضے پورے کیے جا سکیں۔




