اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان، جسٹس یحیٰی آفریدی کی زیرِ صدارت جوڈیشل کمیشن کے اہم اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کی بین الصوبائی منتقلی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ اس اجلاس میں عدالتی امور اور ججز کی تعیناتیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔جوڈیشل کمیشن نے مشاورت کے بعد درج ذیل تبادلوں کی حتمی منظوری دے دی ہے۔
جسٹس محسن اختر کیانی ، اسلام آباد ہائی کورٹ سے لاہور ہائی کورٹ تبادلہ کر دیا گیا۔ جسٹس ثمن رفعت امتیاز، اسلام آباد ہائی کورٹ سے سندھ ہائی کورٹ ٹرانسفر کر دی گئیں۔جسٹس بابر ستار کے پشاور ہائی کورٹ تبادلہ کی منظوری دے دی گئی ۔
اجلاس کے دوران ایک اہم پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے جسٹس ارباب طاہر اور جسٹس خادم سومرو کے تبادلے کے حوالے سے دی گئی اپنی سابقہ سفارش واپس لے لی، جس کے بعد ان ججز کے تبادلے کا فیصلہ منسوخ کر دیا گیا۔
قانونی ماہرین کے مطابق، جوڈیشل کمیشن کے اس فیصلے سے مختلف ہائی کورٹس کے درمیان انتظامی ہم آہنگی پیدا ہوگی۔ چیف جسٹس یحیٰی آفریدی کی صدارت میں ہونے والے اس پہلے بڑے اجلاس کو عدالتی شفافیت اور ججز کی پیشہ ورانہ تقسیم کے حوالے سے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔




