نیویارک : اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے بھارت کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ نئی دہلی کے جارحانہ اقدامات جنوبی ایشیا کے امن کو داؤ پر لگا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی جغرافیائی حدود کی حفاظت کرنا بخوبی جانتا ہے اور کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
2 مئی 2025 کو اقوام متحدہ کے فورم پر خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار نے بھارتی عزائم کو بے نقاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی اقدامات علاقائی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں، جس کا عالمی برادری کو فوری نوٹس لینا چاہیے۔
پاکستانی مندوب نے پاکستان کی پالیسی واضح کرتے ہوئے کہا پاکستان خطے میں کشیدگی کے حق میں نہیں ہے اور نہ ہی وہ حالات کو بگاڑنا چاہتا ہے۔ امن کی اس خواہش کے باوجود، پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے عسکری طور پر مکمل طور پر تیار ہے۔
پاکستان نے ایک بار پھر سفارتی حل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاک بھارت کشیدگی کو کم کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی ثالثی قبول کرنے کو تیار ہے۔ عاصم افتخار کے مطابق، گیند اب عالمی برادری اور بھارت کے کورٹ میں ہے کہ وہ امن کا راستہ چنتے ہیں یا محاذ آرائی کا۔




