لزبن:نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار اور پرتگال کے وزیرِ خارجہ پاؤلو رینجل کے مابین لزبن میں ایک اہم بیٹھک ہوئی ہے، جس میں دونوں ممالک نے باہمی تعلقات کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے اور عالمی چیلنجز پر مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
ملاقات کے دوران مغربی ایشیا (مشرقِ وسطیٰ) کی موجودہ صورتحال اور علاقائی سیکیورٹی کا معاملہ سرِفہرست رہا۔ پرتگالی وزیرِ خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کی بحالی اور کشیدگی کو ہینڈل کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی اور ثالثی کوششوں کو سراہتے ہوئے پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی۔
مذاکرات میں فلسطین کے سلگتے ہوئے معاملے پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے غزہ میں جاری بحران پر شدید تشویش ظاہر کی اور اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری کو وہاں فوری جنگ بندی اور انسانی امداد کی فراہمی کے لیے ہنگامی اقدامات کرنے چاہئیں۔ اس کے ساتھ ہی ملاقات میں دونوں ممالک کے مابین بزنس ٹو بزنس روابط، سرمایہ کاری اور افرادی قوت کی منتقلی کے شعبوں میں تعاون کے نئے راستے کھولنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔




