پاکستان
Trending

بلاول بھٹو کا بجٹ سے قبل افواہوں پر ردعمل، صوبائی حقوق اور قومی سلامتی پر واضح مؤقف

 

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بجٹ سے قبل متعدد بے بنیاد افواہیں پھیلائی گئیں جن میں 18ویں آئینی ترمیم کے خاتمے اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے متعلق غلط دعوے شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) میں صوبوں کا حصہ مکمل طور پر محفوظ ہے اور صوبوں سے اضافی مالی بوجھ لینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ وفاقی حکومت نے بھی اس حوالے سے واضح یقین دہانی کرائی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت افغانستان اور بھارت کی سرحدوں پر سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے، تاہم خطے میں امن و استحکام کے لیے کی جانے والی کوششیں مثبت سمت میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کشیدگی بڑھانے کے بیانات اور اقدامات تشویشناک ہیں جبکہ کشمیر کاز کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو قبول نہیں کیا جا سکتا۔چیئرمین پیپلز پارٹی کے مطابق بلوچستان کے امن کو متاثر کرنے میں بیرونی عناصر کے ملوث ہونے کے شواہد موجود ہیں، جبکہ پاکستان کے خلاف مبینہ بھارت اور اسرائیل کے گٹھ جوڑ پر بھی تشویش پائی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے مبینہ طور پر "را” ایجنٹ کی گرفتاری اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک کے خلاف سرگرمیاں جاری ہیں، تاہم ایسے عناصر کے خلاف کارروائی ناگزیر ہے۔

بلاول بھٹو نے آزاد کشمیر کی صورتحال پر کہا کہ مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے نکالنا چاہیے اور احتجاج کو اس حد تک نہیں لے جانا چاہیے کہ قومی مفاد متاثر ہو۔انہوں نے گلگت بلتستان کے عوام کے حقوق اور فلاح و بہبود کے لیے عملی اقدامات پر زور دیا۔انہوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو سماجی تحفظ اور قومی سلامتی کا اہم منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پٹرولیم لیوی اور صوبائی مالی حصوں سے متعلق معاملات میں شفافیت ضروری ہے اور صوبے پہلے ہی مالی بوجھ برداشت کر رہے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button