لاہور: پنجاب حکومت نے آٹزم سے متاثرہ بچوں کے لیے مزید 8 اضلاع میں خصوصی سکول قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے بورڈ آف ریونیو پنجاب سے اراضی کی فراہمی طلب کرلی گئی ہے۔
محکمہ خصوصی تعلیم کی جانب سے بورڈ آف ریونیو کو بھیجے گئے مراسلے کے مطابق راولپنڈی، ساہیوال، ملتان اور سرگودھا میں مریم نواز سکولز آف آٹزم قائم کیے جائیں گے۔
اسی منصوبے کے تحت فیصل آباد، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان اور گجرات میں بھی آٹزم سکول قائم کیے جائیں گے۔
محکمہ خصوصی تعلیم کے مطابق سکولوں کے قیام کے لیے مطلوبہ اراضی کی فراہمی کے بعد منصوبے پر مزید پیش رفت کی جائے گی۔
حکام کے مطابق ان خصوصی سکولز کا مقصد آٹزم سے متاثرہ بچوں کو ان کی تعلیمی اور خصوصی ضروریات کے مطابق سہولیات فراہم کرنا اور خصوصی تعلیم تک ان کی رسائی کو بہتر بنانا ہے۔




