لاہور: پامی سنٹرل کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے کہا ہے کہ میڈیکل ایجوکیشن سے متعلق پالیسی سازی میں تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینا ضروری ہے، بند کمروں میں بنائی گئی پالیسیاں زمینی مسائل کا حل نہیں دے سکتیں۔
پامی پنجاب کی نو منتخب ایگزیکٹو باڈی کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے کہا کہ میڈیکل ایجوکیشن سیکٹر کا 70 فیصد حصہ نجی شعبے سے وابستہ ہے، لیکن پالیسی ایسے لوگ بنا رہے ہیں جنہوں نے کبھی کلینک نہیں چلایا۔ پالیسی بنانے والوں کو ان مسائل کا اندازہ نہیں جو عملی طور پر میڈیکل اداروں کو درپیش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک سونے، چاندی یا تیل سے نہیں بلکہ اچھی پالیسیوں سے چلتے ہیں۔ پالیسی بنانے والوں کو یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ ان کے فیصلوں پر عملدرآمد کس طرح ہوگا۔ ہم پالیسی پر عملدرآمد کرنا چاہتے ہیں، لیکن اس کے لیے ہمیں پالیسی سازی کے عمل میں اسٹیک ہولڈر کی حیثیت سے شامل کیا جائے۔
چیئرمین پامی نے کہا کہ میڈیکل ایجوکیشن کے تمام متعلقہ فریقوں کو ساتھ بٹھا کر کوالٹی ایجوکیشن کے فروغ اور شعبے کے مسائل کے حل کے لیے قابلِ عمل پالیسیاں تشکیل دی جا سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نائب وزیراعظم کے ساتھ ہونے والی میٹنگ میں طے پایا تھا کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل میں پامی کے دو ممبران ہونے چاہئیں، تاہم اس حوالے سے فائل ابھی تک ادھر ادھر گھوم رہی ہے۔
فیسوں کے حوالے سے پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے کہا کہ میڈیکل کالجز سے فیسوں کا حساب مانگا جاتا ہے، مگر دیگر تعلیمی اداروں میں چھوٹی کلاسوں کے طلبہ سے بھی لاکھوں روپے فیس وصول کی جاتی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر میڈیکل کالجز فیس وصول نہ کریں تو اداروں کے اخراجات کیسے پورے کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میڈیکل کالجز کو بجلی کے کروڑوں روپے کے بل ادا کرنے کے علاوہ فیکلٹی، انفراسٹرکچر اور دیگر ضروری اخراجات بھی برداشت کرنا ہوتے ہیں۔ فیس اداروں کے مالی استحکام اور تعلیمی نظام کے تسلسل کے لیے ضروری ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان کا کہنا تھا کہ میڈیکل ایجوکیشن کی ڈیمانڈ کم نہیں ہوئی، جبکہ دوسری جانب اسکول اور کالجز بند کیے جا رہے ہیں۔ اگر موجودہ مسائل کو درست نہ کیا گیا تو نظام میں تبدیلی ناگزیر ہو جائے گی۔
انہوں نے پامی پنجاب کی نئی کابینہ کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو متحد دیکھ کر خوشی ہوئی۔ خیبرپختونخوا کا چیپٹر بھی مضبوط ہے، تاہم پنجاب کی یکجہتی قابلِ تحسین ہے۔
تقریب میں پامی پنجاب کی نئی کابینہ کا انتخاب بھی عمل میں آیا، جس کے مطابق صباحت خان صدر، عثمان انور جنرل سیکرٹری، پروفیسر میاں عبدالرشید ایڈوائزر، حسن چیمہ خزانچی اور پروفیسر مہوش عروج جوائنٹ سیکرٹری منتخب ہوئیں۔ عمران رسول کو جوائنٹ سیکرٹری جنوب جبکہ محمد حیدر امین کو جوائنٹ سیکرٹری شمال منتخب کیا گیا۔
پروفیسر ڈاکٹر چودھری عبدالرحمان نے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نئی قیادت میڈیکل ایجوکیشن کے مسائل کے حل اور شعبے کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی، تمام مسائل جلد حل ہونے کی امید ہے۔




