پاکستان
Trending

نالہ لئی میں پانی کی سطح 22 فٹ تک پہنچ گئی، شہریوں کے انخلا کی ہدایت

 

راولپنڈی: راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا جبکہ نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے سے سیلاب کا خدشہ پیدا ہوگیا۔

نالہ لئی کے کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 22 فٹ تک پہنچ گئی، جبکہ گوالمنڈی میں پانی کی سطح 19 فٹ ریکارڈ کی گئی۔ صورتحال سنگین ہونے پر خطرے کے سائرن بجا دیے گئے اور گوالمنڈی، کٹاریاں سمیت نالہ لئی سے ملحقہ آبادیوں کے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی۔

شدید بارش کے باعث راولپنڈی کے متعدد نشیبی علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہونے کی اطلاعات ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کو نالہ لئی، برساتی نالوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ کردیا ہے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں مجموعی طور پر 74 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ اسلام آباد کے گولڑہ کے مقام پر سب سے زیادہ 113 سے 114 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ سیدپور میں 70 سے زائد، پی ایم ڈی ایچ ایٹ میں 57 اور بوکرا میں 40 سے زائد ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

حکام کے مطابق نالہ لئی میں پانی کی سطح میں کمی کا رجحان شروع ہوگیا ہے تاہم کٹاریاں اور گوالمنڈی کے مقامات پر الرٹ برقرار ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور انتظامیہ کی ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button