اسلام آباد: عالمی یوم نوجوانان کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ملک کی ترقی کا اہم ذریعہ قرار دیتے ہوئے انہیں بااختیار بنانے اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیت، توانائی اور عزم پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے۔ نوجوان نسل میں ملک کو ترقی اور خوشحالی کی نئی منزلوں تک لے جانے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان قوم کا انمول سرمایہ ہیں، نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے لیے ضروری وسائل فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے اور عملی میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان ملک کا مستقبل ہیں، حکومت ان کی تعلیم، تربیت اور روزگار کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے گی تاکہ وہ قومی معیشت اور ملکی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں۔




