تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران پاکستان کے ساتھ سیاسی، اقتصادی، تجارتی، ثقافتی اور سکیورٹی شعبوں میں تعاون مزید گہرا کرنے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات سے باہمی مفادات کو تقویت ملے گی اور علاقائی سکیورٹی و استحکام مزید بہتر ہوگا۔
ایرانی صدر نے یہ گفتگو وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے تہران میں ملاقات کے بعد کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مشترکہ تعاون کی راہ ہموار کرنے کے لیے ایران تیار ہے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر پاکستانی حکام کی جانب سے ایران کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے میں دلچسپی قابلِ قدر ہے۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات، سکیورٹی تعاون اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ محسن نقوی نے ایرانی صدر کو وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی پیغام بھی پہنچایا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مضبوط اور ناقابلِ تنسیخ ہیں اور اسلام آباد تہران کے ساتھ تعلقات کو جامع انداز میں مزید وسعت دینے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے۔




