اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سرکاری اداروں میں ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیز کرنے، شہریوں کو جدید اور شفاف ڈیجیٹل خدمات فراہم کرنے اور ای آفس کے استعمال کو مزید وسعت دینے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم کی زیرِ صدارت نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (NITB) میں جاری اصلاحات اور اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ شہریوں کو سرکاری خدمات کے حصول میں زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے اور تمام متعلقہ ادارے مربوط انداز میں کام کریں۔
شہباز شریف نے تمام سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو موجودہ تقاضوں کے مطابق مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزارتوں کی ای آفس پر منتقلی اہم ڈیجیٹل اصلاحات میں شامل ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت کے تمام ماتحت اداروں اور سرکاری ملکیتی اداروں میں بھی ای آفس کا استعمال یقینی بنانے کا حکم دیا۔
وزیراعظم نے سرکاری اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن تیز کرنے اور جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تمام سرکاری املاک کے ریکارڈ کو بھی جلد از جلد ڈیجیٹل کرنے کا حکم دیا۔
اجلاس میں اسلام آباد ٹیکنالوجی پارک کی تعمیر میں تاخیر پر وزیراعظم نے برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے منصوبے کی تعمیر جلد مکمل کرنے اور اسے ترجیحی بنیادوں پر فعال کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے ٹیکنالوجی پارک کو چلانے کے لیے مکمل آؤٹ سورسنگ کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی رائٹ سائزنگ مکمل ہوچکی ہے اور اہم عہدوں پر شفاف طریقے سے تعیناتیاں جاری ہیں۔ بریفنگ کے مطابق تمام وفاقی وزارتیں ای آفس پر منتقل ہوچکی ہیں جبکہ دیگر سرکاری محکموں اور سرکاری ملکیتی اداروں میں بھی ای آفس کے فروغ پر کام جاری ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، شزا فاطمہ خواجہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔




