ہ
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں ٹریڈ فسیلی ٹیشن بورڈ کے قیام کی منظوری دے دی گئی، وزیراعظم خود بورڈ کی صدارت کریں گے۔
اجلاس میں تجارتی سرگرمیوں کو سہل بنانے، سپلائی چین میں بہتری اور سرحد پار تجارت میں حائل نان ٹیرف رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ مجوزہ بورڈ ٹریڈ فسیلی ٹیشن انڈیکس اور مانیٹرنگ کی حکمت عملی سے متعلق فیصلے بھی کرے گا۔
وزیراعظم نے ملک کی بندرگاہوں کی استعداد کار بڑھانے اور تجارت سے متعلق تمام اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تجارتی عمل میں غیر ضروری تاخیر اور رکاوٹوں کے خاتمے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی جائے۔
شہباز شریف نے ریگولیٹری فریم ورک کی تعمیل، پری آرائیول کلیئرنس کے نظام کو مزید مؤثر بنانے اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کی تجارتی سرگرمیوں میں شمولیت بڑھانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ورکنگ گروپس تشکیل دینے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو تجارتی سہولت کاری کے اقدامات پر تیزی سے پیش رفت یقینی بنانے اور مقررہ اہداف کے حصول کے لیے مؤثر مانیٹرنگ کا نظام وضع کرنے کی بھی ہدایت کی




