لاڑکانہ: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت لاڑکانہ میں زیرِ تعمیر جدید ہسپتال کے منصوبے سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، جس میں اسپتال کی تعمیراتی پیش رفت اور منصوبے کی تکمیل کے حوالے سے امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں 600 بستروں پر مشتمل جدید اسپتال کو جولائی 2028 تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے تعمیراتی کام کے معیار کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔
مراد علی شاہ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے پر جاری کام کی رفتار مزید بہتر بنائی جائے اور تعمیراتی مراحل کی مؤثر نگرانی کی جائے تاکہ اسپتال مقررہ مدت میں مکمل ہو سکے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ لاڑکانہ میں تعمیر ہونے والا جدید اسپتال لاکھوں افراد کو معیاری علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرے گا اور علاقے میں صحت کی سہولیات کو مزید بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔




