اسلام آباد: ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے نیپال میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہونے والے جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں نیپالی سفارتخانے کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔ انہوں نے نیپال میں قدرتی آفت کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہارِ ہمدردی کیا اور لاپتا افراد کی سلامتی کے لیے دعا کی۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں نیپال کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ موسمیاتی تبدیلی خطے کے ممالک کو غیر متناسب طور پر متاثر کر رہی ہے، جس کے باعث انسانی زندگی، روزگار اور انفراسٹرکچر کو سنگین نقصانات کا سامنا ہے۔
ڈپٹی وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نیپال کی امدادی اور بحالی کی کوششوں میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے متاثرین کے لیے دعا کرتے ہوئے نیپال کو پاکستان کی جانب سے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی بھی کرائی۔




