نیویارک: پاکستان نے 2026-27 کے لیے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرائے کونسل کی سربراہی سنبھال لی۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان رکن ممالک کے اعتماد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
ای سی او وزرائے کونسل کے غیر رسمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے خطے اور مشرق وسطیٰ کی موجودہ سکیورٹی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی قانون کے مطابق تنازعات کے پرامن حل کے لیے پرعزم ہے۔ خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی کوششوں اور باہمی تعاون کو فروغ دینا ہوگا۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امن، لچک، یکجہتی اور مشترکہ خوشحالی کے فروغ کے لیے اجتماعی قوت بروئے کار لانا ہوگی۔ انہوں نے ای سی او رکن ممالک کے درمیان تعاون مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔




