نیویارک : فرانس نے آبنائے ہرمز میں آزادانہ اور محفوظ بحری آمدورفت یقینی بنانے کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں قرارداد پیش کرنے کی تیاری شروع کردی ہے۔
اقوام متحدہ کے ایک سفارت کار کے مطابق مجوزہ قرارداد کے مسودے پر بات چیت جاری ہے۔ قرارداد میں آبنائے ہرمز سے آزادانہ آمدورفت کے احترام اور بین الاقوامی سمندری قوانین کی پاسداری پر زور دیا جائے گا۔
سفارت کار کے مطابق آبنائے ہرمز عالمی بحری تجارت کی اہم گزرگاہ ہے اور عالمی سطح پر توانائی و غذائی تحفظ کے لیے بھی اس کی خاص اہمیت ہے۔
مجوزہ قرارداد میں آبنائے ہرمز سے بحری جہازوں کی محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کے لیے پُرامن اقدامات کی حمایت بھی کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے رواں ہفتے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے موقع پر آبنائے ہرمز کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔




