تھرپارکر: تھرکول بلاک ٹو میں سندھ اینگرو کول مائننگ کمپنی کے توسیعی منصوبے فیز تھری کا افتتاح کردیا گیا۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد بلاک ٹو سے سالانہ کوئلے کی پیداوار 76 لاکھ ٹن سے بڑھ کر ایک کروڑ 12 لاکھ ٹن ہوجائے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ تھرکول بلاک ٹو سے حاصل ہونے والے کوئلے سے 1980 میگاواٹ بجلی پیدا کی جاسکے گی، جبکہ تھر کے مقامی کوئلے سے مجموعی بجلی کی پیداوار 3300 میگاواٹ تک پہنچ جائے گی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ آئی پی پیز درآمدی کوئلے کے بجائے تھر کے مقامی کوئلے کی جانب منتقل ہورہے ہیں۔ مقامی کوئلے کے استعمال سے توانائی کے شعبے میں نئی راہیں کھل رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ تھر کے کوئلے سے یوریا تیار کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔ ان کے مطابق کوئلے کے دیگر صنعتی استعمال کے امکانات پر بھی کام کیا جارہا ہے۔




