پاکستان
Trending

پی ٹی آئی سے مذاکرات تقریباً طے تھے، آخری وقت میں نئی شرائط آ گئیں: طلال چوہدری

 

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات تقریباً نتیجہ خیز مرحلے میں پہنچ چکے تھے، تاہم آخری وقت میں نئی شرائط سامنے آنے سے معاملہ خراب ہوگیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چوہدری نے دعویٰ کیا کہ مذاکرات کے دوران کئی اہم نکات پر اتفاق ہوگیا تھا اور مسودے پر بھی متعدد مرتبہ اتفاق رائے پیدا ہوا، لیکن آخری مرحلے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے نئی شرائط پیش کی گئیں جس کے باعث مذاکرات آگے نہ بڑھ سکے۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں دہشتگردی کے خلاف اقدامات بھی زیر بحث آئے، تاہم اپوزیشن کی جانب سے اس معاملے کو نظر انداز کیا گیا۔ طلال چوہدری نے سوال کیا کہ نیشنل ایکشن پلان سابق وزیراعظم عمران خان کے دور میں بنایا گیا تھا تو پھر اس پر مؤثر عملدرآمد کیوں نہیں کیا گیا۔

وزیر مملکت نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کسی ایک سیاسی جماعت کی نہیں بلکہ ریاست اور عوام کے تحفظ کی جنگ ہے۔ ان کے مطابق دہشتگردی کے خاتمے کے لیے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر مشترکہ اقدامات کی ضرورت ہے۔

طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت سیاسی معاملات پر بات چیت کے لیے تیار ہے، تاہم قومی سلامتی اور دہشتگردی کے معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان کے مطابق ریاستی فیصلوں پر تمام سیاسی قوتوں کو تعاون کرنا ہوگا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button