اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی آہنی بھائی چارے کی ایک منفرد مثال ہے، جو ہر آزمائش میں مزید مضبوط ہوکر سامنے آئی ہے۔ پاک چین انفارمیشن کوریڈور سے خطاب کرنا ان کے لیے اعزاز ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے مزید مستحکم بنانے کی ضرورت ہے۔ انفارمیشن کوریڈور پاکستان اور چین کے عوام کے دل و دماغ کو جوڑنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات کے مطابق سی پیک نے توانائی کے منصوبوں، موٹرویز اور گوادر کی ترقی کے ذریعے پاکستان میں ترقی کے نئے امکانات پیدا کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے جبکہ سی پیک ٹو کے تحت ترقیاتی سرگرمیوں اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جارہے ہیں۔




