اسلام آباد: پاکستان کے مغربی اور بالائی علاقوں میں 20 دسمبر سے بارشوں اور برفباری کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ترجمان کے مطابق، پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 20 سے 22 دسمبر تک بارش اور برفباری کی توقع ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ 20 اور 21 دسمبر کے دوران پنجاب کے پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری ہو سکتی ہے، خاص طور پر راولپنڈی، مری، گلیات اور پوٹھوہار ریجن میں موسم بدلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے، عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ لاہور، شیخوپورہ، سرگودھا، خوشاب، فیصل آباد، حافظ آباد، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، گجرات، سیالکوٹ، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 20 سے 21 دسمبر کے دوران ہلکی بارش متوقع ہے۔ ان بارشوں کی وجہ سے دھند اور سموگ کی صورتحال میں کمی آ سکتی ہے۔
موسم کی اس تبدیلی کے ساتھ ساتھ مغربی ہواؤں کا سلسلہ 19 دسمبر کو بلوچستان میں داخل ہوگا، جس کے بعد بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی بارش اور برفباری کی توقع ہے۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، سڑکوں کی بندش اور پھسلن کے خطرات بھی موجود ہیں۔
موسم کے اس بدلتے ہوئے حالات میں شہریوں کو خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں سفر کرتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے.




