کیلیفورنیا: مائیکروسافٹ کے آپریٹنگ سسٹم ونڈوز ایکس پی کا ڈیفالٹ وال پیپر "Bliss” دنیا کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی تصویر قرار پایا ہے۔ اربوں افراد نے اس خوبصورت تصویر کو دیکھا ہے جو امریکی ریاست کیلیفورنیا کے علاقے Sonoma میں 1996 میں فوٹوگرافر چارلس او رئیر نے کھینچی تھی۔
چارلس او رئیر، جو اب 83 سال کے ہیں، نے اس تصویر کو اپنے Mamiya RZ67 کیمرے اور کلر فیوجی فلم کے ذریعے قید کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اس زمانے میں کیمرہ ہمیشہ ساتھ رکھنے کی عادت تھی کیونکہ کبھی بھی کوئی یادگار لمحہ کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کیا جا سکتا تھا۔
1998 میں چارلس او رئیر نے اس تصویر کو اسٹاک فوٹو کے طور پر پیش کیا، جسے بل گیٹس کی کمپنی Corbis نے خریدا۔ 2000 میں مائیکروسافٹ نے تمام حقوق حاصل کر کے اسے ونڈوز ایکس پی کا ڈیفالٹ وال پیپر بنا دیا۔
فوٹوگرافر کو اس تصویر کے بدلے چھ ہندسوں پر مشتمل معاوضہ ملا، یعنی لاکھوں روپے کی رقم۔ معاوضے کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ فلم کی ڈیلیوری کے لیے کوئی کورئیر کمپنی تیار نہ ہوئی، اور آخر میں کمپنی نے چارلس او رئیر کو طیارے کا ٹکٹ دیا تاکہ وہ ذاتی طور پر فلم پہنچا سکیں۔
یہ تصویر اس قدر حقیقت پسندانہ اور خوبصورت ہے کہ اکثر لوگ اسے مصنوعی یا فوٹو شاپ شدہ سمجھتے ہیں، لیکن یہ قدرتی منظر کی حقیقی عکاسی ہے جو کیمرے کے ذریعے ہمیشہ کے لیے محفوظ ہو گئی۔




