منیلا: فلپائن کے وسطی ساحلی علاقے میں گزشتہ شب زلزلے نے تباہی مچائی، جس کی شدت 6.9 ریکارڈ کی گئی۔ اس زلزلے کے نتیجے میں ایک سپورٹس کمپلیکس گر جانے سے کم از کم 26 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے، جبکہ ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات 10 بجے آیا، جس کی گہرائی 10 کلومیٹر اور مرکز بوگو شہر سے 17 کلومیٹر شمال مشرق میں تھا۔ زلزلے کے فوراً بعد متعدد آفٹر شاکس بھی ریکارڈ کیے گئے جنہوں نے شہریوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔
زلزلے کے دوران ایک مقامی سپورٹس کمپلیکس میں جاری باسکٹ بال میچ کے دوران عمارت گر گئی، جس کے باعث درجنوں افراد ملبے تلے دب گئے۔ ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ دیگر علاقوں سے بھاری مشینری بھی روانہ کر دی گئی ہے تاکہ پھنسے ہوئے افراد کو نکالا جا سکے۔
مقامی حکام کے مطابق شہر سیبو میں چار عمارتیں مکمل طور پر زمین بوس ہو چکی ہیں، جبکہ تین سرکاری عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ زلزلے کے باعث چھ پل اور ایک مرکزی سڑک بھی متاثر ہوئی ہیں جس سے آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
سیبو شہر میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے، اور تمام تعلیمی ادارے اور سرکاری دفاتر آج بند رہیں گے۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں بجلی اور مواصلاتی نظام بھی متاثر ہوا ہے، جس کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات درپیش ہیں۔
حکومت نے زلزلہ زدہ علاقوں میں فوری طور پر پانی، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء پہنچانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ متاثرین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں سے بچیں اور سرکاری ہدایات پر عمل کریں تاکہ امدادی کاموں میں آسانی ہو۔




