مظفرآباد: آزاد کشمیر میں مہنگائی اور دیگر عوامی مسائل کے خلاف جاری مظاہروں کے تناظر میں حکومت اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور اختتام پذیر ہو گیا ہے۔
حکومتی وفد کی قیادت سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کی، جبکہ کمیٹی کی نمائندگی شوکت نواز میر، امجد علی اور انجم زمان اعوان نے کی۔ مذاکرات میں فریقین نے مسائل کو افہام و تفہیم اور جمہوری طریقے سے حل کرنے پر اتفاق کیا، تاہم کمیٹی نے اپنے حتمی مؤقف کے لیے مزید مہلت مانگی ہے۔مذاکرات کا دوسرا مرحلہ کل متوقع ہے۔
ادھر، احتجاج کے دوران پرتشدد جھڑپوں میں اب تک 6 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں 3 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، جبکہ 72 سے زائد اہلکار زخمی ہوئے۔
وفاقی وزرا نے مظاہرین کے مطالبات کو "جائز” قرار دیتے ہوئے مذاکرات کی حمایت کی ہے۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مسائل کا حل صرف بات چیت میں ہے، جبکہ احسن اقبال نے خبردار کیا کہ کچھ عناصر احتجاج کی آڑ میں بدامنی پھیلانا چاہتے ہیں۔




