اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت اور مختلف اہم بین الاقوامی دوروں کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ نور خان ایئربیس پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔
وزیراعظم نے اپنے دورے کے دوران اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کیا، جس میں انہوں نے مسئلہ کشمیر اور فلسطین کو بھرپور انداز میں عالمی فورم پر اجاگر کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور فلسطینی عوام پر ہونے والے مظالم پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائی۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے مختلف عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسلامی ممالک کے کئی سربراہان شامل تھے۔ ان ملاقاتوں میں باہمی تعاون، سرمایہ کاری کے فروغ، اور خطے میں امن و استحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے اپنے سعودی عرب کے دورے کے دوران ایک تاریخی معاہدہ بھی طے کیا، جو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔ اس معاہدے کو دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری میں اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
لندن میں قیام کے دوران وزیراعظم نے اپنا طبی معائنہ کرایا اور برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں بیرونِ ملک پاکستانیوں کے مسائل، سرمایہ کاری کے مواقع، اور قومی ترقی میں ان کے کردار پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔




