اسلام آباد:ترجمان دفتر خارجہ پاکستان نے تصدیق کی ہے کہ صمود فلوٹیلا میں سوار پاکستانی شہریوں کی بحفاظت واپسی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ اسرائیلی قابض افواج نے غیر قانونی طور پر کچھ پاکستانیوں کو حراست میں لیا ہواہے ، جس کی تصدیق سفارتی چینلز کے ذریعے ایک دوست یورپی ملک کی مدد سے کی گئی ہے۔
ترجمان نے خاص طور پر سابق سینیٹر مشتاق احمد کے حوالے سے کہا کہ وہ اسرائیلی قابض افواج کی تحویل میں ہیں، لیکن خوش قسمتی سے وہ محفوظ اور خیریت سے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مشتاق احمد کو جلد ہی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ پہلے بھی ان افراد کی بحفاظت وطن واپسی کے لیے اقدامات کیے گئے تھے اور اس ضمن میں برادر ممالک کی مدد کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔ دفتر خارجہ نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان بیرون ملک اپنے تمام شہریوں کے تحفظ کے لیے پوری طرح سرگرم ہے اور ان کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔




