کوالالمپور: کوالالمپور میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے اعزاز میں ایک باقاعدہ استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں انہیں انتہائی احترام اور گرمجوشی کے ساتھ خوش آمدید کہا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف جب کوالالمپور میں ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کے دفتر پہنچے تو انور ابراہیم نے خود ان کا استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے محبت اور احترام کے جذبے کے ساتھ مصافحہ اور گلے ملانے کا مظاہرہ کیا۔
استقبالیہ تقریب میں ملائیشیا کی مسلح افواج نے وزیراعظم شہباز شریف کو گارڈ آف آنر پیش کیا اور دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ بعدازاں شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزرا، اعلیٰ حکام اور دیگر معززین سے فرداً فرداً ملاقات کی۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف گزشتہ شب سرکاری دورے پر کوالالمپور پہنچے تھے، جہاں ان کا استقبال بنگا رایا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ملائیشیا کے وزیر اطلاعات و کمیونیکیشنز فہمی فاضل، پاکستان کے ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ اور سفارتی عملے نے کیا۔
وزیراعظم کی رہائش گاہ آمد پر بھی ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے دوبارہ ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ "ملائیشیا آ کر بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے، یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔”
وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ اہم حکومتی شخصیات بھی کوالالمپور پہنچی ہیں جن میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی شامل ہیں۔




