راولپنڈی : پاکستان کی سیکیورٹی فورسز نے ضلع اورکزئی میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 19 بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو ہلاک کر دیا۔ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کی شدید فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے 9 جوان مادرِ وطن پر قربان ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائی کے دوران دہشتگردوں نے فورسز پر بھرپور فائرنگ کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل جنید عارف، میجر طیب راحت سمیت 9 بہادر جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء میں نائب صوبیدار اعظم گل، نائیک عادل حسین، نائیک گل امیر، لانس نائیک شیر خان، لانس نائیک طالش فراز اور لانس نائیک ارشاد حسین بھی شامل ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور مواصلاتی آلات برآمد کیے گئے۔ مزید کارروائیاں علاقے میں جاری ہیں تاکہ بھارتی حمایت یافتہ دیگر خوارجیوں کا بھی قلع قمع کیا جا سکے۔
ترجمان پاک فوج نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ "شہداء کی قربانیاں ملک میں امن و استحکام کی ضمانت ہیں، قوم اپنے بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔”




