لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے افغانستان کی جانب سے پاکستانی علاقوں پر بلا اشتعال جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہوئے پاک فوج کے مؤثر ردعمل کو سراہا ہے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاک فوج نہ صرف پاکستانی عوام کی عزت و وقار کی محافظ ہے، بلکہ اس نے افغان جارحیت کا جواب جرات اور قومی اتحاد کے ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک واضح پیغام ہے کہ پاکستان اپنی سرحدوں کے تحفظ میں کسی بھی سمجھوتے کو قبول نہیں کرے گا اور امن کی ضامن ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ پاکستان کی سرحدیں "مقدس امانت” ہیں اور ان کی حفاظت ہر پاکستانی کا فرض ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب کے 12 کروڑ عوام اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑے ہیں، اور "ہم امن چاہتے ہیں لیکن پاکستان کی سالمیت یا شہریوں کے تحفظ پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔”
وزیر داخلہ محسن نقوی
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی افغان اشتعال انگیزی کی پرزور مذمت کی ہے اور کہا کہ افغان فورسز کی جانب سے پاکستانی علاقوں پر بلا اشتعال فائرنگ بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ پاکستانی مسلح فورسز نے فوری اور مؤثر جواب دے کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی برداشت نہیں کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ افغان کارروائیاں "آگ و خون کے کھیل” کی مانند ہیں اور ان کے پیچھے وہ عناصر ہیں جو پاکستان کے ازلی مخالفین سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی عوام اپنی مسلح افواج کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں اور کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے پوری قوم تیار ہے۔
وزیر داخلہ نے خبردار کیا کہ افغانستان کو بھی بھارت کی طرح سخت اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا تاکہ سرحد پار کر کے پاکستان کی حدود کو نشانہ بنانے کی جرات نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح شہریوں کی حفاظت اور سرحدی سلامتی ہے، اور اس مقصد کے لیے ضروری فوجی اور سفارتی اقدامات کیے جائیں گے۔




