پاکستان

پاکستان اورافغانستان کےدرمیان سیزفائرکامعاہدہ طےپاگیا،وزیردفاع خواجہ آصف

 

دوحہ:  پاکستان اور افغانستان نے دوحہ میں ہونے والے مذاکرات کے دوران جنگ بندی کے معاہدے پر اتفاق کیا ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سرحدی کشیدگی کو کم کرنا اور دہشت گردی کی روک تھام کرنا ہے۔ اس معاہدے کا اعلان وزیر دفاع خواجہ آصف نے کیا، جنہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کی سرزمین کا احترام کریں گے، اور پاکستان کی سرزمین پر افغانستان سے دہشت گردی کا سلسلہ فوراً ختم ہوگا۔

قطر اور ترکیہ کی ثالثی میں ہونے والے اس اہم مذاکرات میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیر دفاع خواجہ آصف نے کی، جبکہ افغان وفد کی قیادت وزیر دفاع ملا محمد یعقوب نے کی۔ مذاکرات تقریباً 13 گھنٹے تک جاری رہے، جس کے دوران دونوں فریقین نے جنگ بندی پر اتفاق کیا اور آئندہ ملاقاتوں کا فیصلہ کیا۔

قطری وزارت خارجہ کے مطابق، یہ معاہدہ خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرے گا، اور توقع ہے کہ اس سے سرحدی کشیدگی میں کمی آئے گی۔ خواجہ آصف نے اس معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے قطر اور ترکیہ کا شکریہ ادا کیا اور اعلان کیا کہ 25 اکتوبر کو استنبول میں دوبارہ ملاقات ہوگی، جس میں دیگر اہم مسائل پر تفصیل سے بات کی جائے گی۔

اس معاہدے کی کامیابی سے سفارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ بھارت کے لیے ایک مایوس کن پیشرفت ہو سکتی ہے، کیونکہ افغانستان میں پاکستان کے خلاف بھارتی سازشوں کو ایک بڑا دھچکا لگے گا۔

مذاکرات میں قطر کی انٹیلی جنس چیف عبداللہ بن محمد الخلیفہ کی میزبانی میں پاکستانی سکیورٹی حکام اور افغان حکام نے شرکت کی، اور دونوں ممالک نے اپنے تعلقات میں بہتری لانے کے لیے اس معاہدے کو ایک مثبت قدم قرار دیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button