واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ نہیں ہونی چاہیے۔ وائٹ ہاؤس میں دیوالی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، صدر ٹرمپ نے اپنی اور نریندر مودی کی ٹیلی فون پر ہوئی تفصیلی گفتگو کا ذکر کیا، جس میں تجارت اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
صدر ٹرمپ نے اس موقع پر کہا کہ وہ عالمی سطح پر امن قائم رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس کے لیے سفارتی ذرائع کو ترجیح دیتے ہیں۔ انہوں نے بھارت کو روس سے مزید تیل خریدنے کی نیت نہ رکھنے کا مشورہ دیا، اور اس بات پر زور دیا کہ عالمی مسائل کو تجارت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
پاک بھارت تعلقات پر بات کرتے ہوئے، صدر ٹرمپ نے کہا کہ "پاکستان اور بھارت دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں، اور میں نے ان دونوں کے درمیان جنگ کو رکوانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔” ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان جنگ کے دوران سات طیارے گرائے گئے، لیکن امریکہ نے اس جنگ کو مزید بڑھنے سے روک دیا۔
صدر ٹرمپ نے اس کے علاوہ یہ بھی دعویٰ کیا کہ وہ اب تک آٹھ جنگوں کو روکے چکے ہیں، اور ان جنگوں میں زیادہ تر مداخلت تجارت کے ذریعے کی گئی تاکہ لڑائیاں روکی جا سکیں۔




