نیویارک:اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے افغانستان کو دہشت گرد گروہوں کی محفوظ پناہ گاہ قرار دیا اور انسدادِ دہشت گردی کے مؤثر اقدامات نہ کرنے پر طالبان حکومت کو سخت انتباہ جاری کر دیا۔ اجلاس میں عالمی برادری نے خطے میں امن و سلامتی کو لاحق سنگین خطرات پر تشویش کا اظہار کیا۔
پاکستان، چین، امریکا، ایران، ڈنمارک اور پانامہ کے نمائندوں نے مشترکہ موقف اختیار کیا کہ افغان سرزمین سے تحریک طالبان پاکستان، القاعدہ، داعش اور دیگر دہشت گرد گروہ سرگرم ہیں اور پڑوسی ممالک، خاص طور پر پاکستان کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ طالبان حکومت کی غیر مؤثر پالیسیوں کے باعث افغانستان سے پاکستان میں دہشت گرد حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ افغانستان میں دہشت گرد عناصر کے خلاف فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ خطے میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔




