اسلام آباد: پاکستان کے بانی، قائداعظم محمد علی جناحؒ کے 149 ویں یوم پیدائش کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ "آج کا دن قائداعظمؒ کی محنت، عزم اور یقین کی یاد دلاتا ہے جس نے پاکستان کی بنیاد رکھی۔” انہوں نے قائداعظمؒ کے جمہوریت، انصاف اور برابری کے اصولوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدار آج بھی ہمارے قومی سفر کا مرکز ہیں اور ان کے اصول پاکستان کی ترقی، سماجی ہم آہنگی اور اعتماد کے استحکام کے لیے ضروری ہیں۔ صدر زرداری نے مزید کہا کہ "جب قوم مختلف چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے، تو قائداعظمؒ کی قیادت اور نظریات آج بھی ہمیں رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔” انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ قائداعظمؒ کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے ایک پرامن اور مضبوط پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔
دوسری طرف، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قائداعظمؒ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ "قائداعظمؒ کا یوم پیدائش ہمیں ان کے اصولوں پر عمل کرنے کا عہد یاد دلاتا ہے۔” وزیراعظم نے قائداعظمؒ کی تعلیمات کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ قائداعظمؒ نے ہر رنگ، نسل اور مذہب سے بالاتر ہو کر ہم آہنگی اور انصاف کا پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ "قائداعظمؒ نے پاکستان کا خواب حقیقت میں بدلا اور اس کے لیے تاریخ کا دھارا موڑ دیا۔”
شہباز شریف نے قوم سے اپیل کی کہ "وہ قائداعظمؒ کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کی وقار، حفاظت اور خوشحالی کے لیے متحد ہو کر کام کریں۔”




