پاکستان

پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری آج کرسمس کا تہوار عقیدت و احترام سے منا رہی ہے

لاہور: پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری آج کرسمس کا تہوار عقیدت و احترام سے منا رہی ہے۔ مختلف شہروں میں خصوصی عبادات اور دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا گیا، جبکہ چرچز کو خوبصورتی سے سجایا گیا۔

کراچی میں گرجا گھروں میں خصوصی عبادات جاری رہیں، اور لاہور بھر میں بھی مختلف چرچز میں دعائیہ اجتماعات ہوئے۔ اسلام آباد میں مسیحی برادری نے بڑی تعداد میں گرجا گھروں کا رخ کیا، جہاں عبادات اور کرسمس شاپنگ کے دوران لوگ خوشی میں غرق نظر آئے۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تاکہ لوگوں کو امن و سکون سے تہوار منانے کی سہولت مل سکے۔

صدر آصف علی زرداری نے مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ "یہ تہوار امید، امن اور ہمدردی کا پیغام لے کر آتا ہے۔” انہوں نے کہا کہ کرسمس ایک ایسا موقع ہے جب دنیا بھر کے لوگ محبت اور بھائی چارے کا پیغام ایک دوسرے تک پہنچاتے ہیں۔

شہباز شریف نے بھی مسیحی برادری کو خوشی کے اس موقع پر مبارکباد دی اور کہا کہ "تمام اہل وطن کو اس تہوار کی روایتی خوشیاں مبارک ہوں۔” وزیراعظم نے دعا کی کہ یہ کرسمس پاکستان میں امن، استحکام اور خوشحالی کی نوید لے کر آئے۔

وزیراعظم نے مسیحی برادری کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ "مسیحی بھائی پاکستان میں ایک فعال، مثبت اور پرامن برادری کی حیثیت سے قابل قدر کردار ادا کر رہے ہیں، اور دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں ان کی قربانیاں ہمارے لیے فخر کاباعث  ہیں۔”

افواج پاکستان نے بھی ملک کی مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارکباد پیش کی اور ان کی قومی ترقی میں گراں قدر خدمات کو سراہا۔ فوجی حکام نے مسیحی برادری کے کردار کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لیے انتہائی اہم ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button