پاکستان
Trending

پاکستان میں مہنگائی کی رفتار سست، معاشی استحکام کی سمت پیش رفت؛بلومبرگ کا تجزیہ

 

بلومبرگ نے پاکستان کی معیشت سے متعلق نئی رپورٹ میں ملک میں مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی اور پالیسی سطح پر استحکام کی نشاندہی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق قیمتوں میں توازن اور بہتر معاشی نظم و نسق کے باعث مجموعی معاشی حالات میں بہتری کے آثار سامنے آ رہے ہیں۔

بلومبرگ کے مطابق دسمبر میں افراطِ زر 5.6 فیصد ریکارڈ کیا گیا جو نہ صرف مارکیٹ توقعات سے کم ہے بلکہ نومبر کے 6.1 فیصد کے مقابلے میں بھی واضح کمی کو ظاہر کرتا ہے۔ خوراک کی قیمتوں میں دباؤ کم ہونے سے غذائی افراطِ زر 3.24 فیصد تک محدود رہا، جس کی بنیادی وجہ بہتر سپلائی اور اشیائے خورونوش کی دستیابی بتائی گئی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کم مہنگائی نے مارکیٹ میں اعتماد کو فروغ دیا ہے اور مالی و اقتصادی پالیسیوں کی سمت درست ہونے کا عندیہ دیا ہے۔ اسی تناظر میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے قیمتوں کے استحکام کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسی ریٹ میں 50 بیسز پوائنٹس کمی کی، جس کے بعد شرح سود تین سال کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے۔

بلومبرگ کے مطابق شرح سود میں کمی سے کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے لیے فنانسنگ مزید آسان ہونے کی توقع ہے۔ قیمتوں میں استحکام کو سرمایہ کاری کے ماحول کے لیے مثبت سگنل قرار دیا گیا ہے، جبکہ کم مہنگائی کے باعث عوام کی قوتِ خرید میں بہتری اور صارفین کے لیے ریلیف کے امکانات بھی بڑھے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق دسمبر کے تازہ اعداد و شمار اس امر کی عکاسی کرتے ہیں کہ حکومتی اور مالیاتی پالیسی اقدامات کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، اور مہنگائی میں کمی مڈٹرم معاشی استحکام اور بہتر طرزِ حکمرانی کی بنیاد مضبوط ہونے کا اشارہ دیتی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button