بین الاقوامی
Trending

گرین لینڈ ایک اہم اسٹریٹجک خطہ، امریکہ جدید ٹیکنالوجی میں عالمی قیادت کر رہا ہے: صدر ڈونلڈ ٹرمپ

 

ڈیووس :ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ان کے دورِ صدارت میں امریکی معیشت تیزی سے ترقی کر رہی ہے جبکہ امریکا میں مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بائیڈن کے دورِ حکومت میں امریکا میں کوئی قابلِ ذکر سرمایہ کاری نہیں آئی اور معیشت جمود کا شکار تھی، تاہم ان کی پالیسیوں کے باعث معاشی مسائل پر قابو پا لیا گیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ترقی کرتا ہے تو پوری دنیا ترقی کرتی ہے۔ انہوں نے یورپی ممالک پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتے ہوئے سرکاری اخراجات، غیر قانونی ہجرت اور تجارتی پالیسیوں نے یورپ کو نقصان پہنچایا ہے، جس کے باعث وہاں بائیں بازو کی قوتیں مضبوط ہو رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یورپ اصلاحات کے درست راستے پر نہیں چل رہا۔

انہوں نے گرین انرجی پالیسیوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے تاریخ کا سب سے بڑا اسکینڈل قرار دیا اور کہا کہ ان پالیسیوں کی وجہ سے یورپ کو شدید معاشی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ یورپ میں توانائی کے بہتر ذرائع اور کم بجلی قیمتیں دیکھنا چاہتے ہیں۔

امریکی صدر نے مصنوعی ذہانت کے میدان میں چین پر سبقت حاصل کرنے کا دعویٰ کیا اور کہا کہ امریکا جدید ٹیکنالوجی میں عالمی قیادت کر رہا ہے۔ انہوں نے گرین لینڈ کو امریکا کے لیے ایک اہم اسٹریٹجک خطہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکا کی سکیورٹی کے لیے اس کی اہمیت ناگزیر ہے، تاہم واضح کیا کہ وہ گرین لینڈ کے معاملے پر طاقت کا استعمال نہیں کریں گے۔

نیٹو کے حوالے سے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اتحاد کے ساتھ سو فیصد کھڑا ہے، مگر اس بات کی کوئی ضمانت نہیں کہ نیٹو ممالک امریکا کے ساتھ اسی طرح کھڑے ہوں۔ انہوں نے نیٹو رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ اپنے دفاعی نظام کو مضبوط بنائیں۔

خطاب کے دوران صدر ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان جنگ رکوانے میں کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار سنبھالنے کے بعد امریکا کی سرحدوں کو محفوظ بنایا گیا اور دنیا میں جنگوں کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے گئے۔

صدر ٹرمپ نے یوکرین کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک ایک خونی میدان بن چکا ہے اور وہ روس، یوکرین جنگ روکنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس حوالے سے وہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے رابطے میں ہیں اور جلد یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ملاقات کریں گے۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیرف پالیسیوں نے امریکی معیشت کو مضبوط کیا ہے، سرکاری اداروں میں اصلاحات کی گئیں اور آئندہ بھی امریکی معیشت کے استحکام کے لیے تمام وسائل استعمال کیے جائیں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button