اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے گلگت بلتستان کے نگران وزیراعلیٰ نے اہم ملاقات کی، جس میں خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال اور آئندہ انتخابات کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں نگران وزیراعلیٰ نے آگاہ کیا کہ گلگت بلتستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کو مزید موثر بنانے کے لیے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) کو جلد مکمل طور پر آپریشنل کر دیا جائے گا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کی سی ٹی ڈی کو جدید ٹیکنالوجی اور جدید ترین اسلحہ فراہم کرنے میں بھرپور تعاون کرے گی۔ دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ آئندہ انتخابات کے دوران عوام کے تحفظ اور پرامن پولنگ کو یقینی بنانے کے لیے فول پروف سکیورٹی پلان نافذ کیا جائے گا۔
محسن نقوی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "گلگت بلتستان کی سکیورٹی اور انتظامی ضروریات کو پورا کرنا ہماری ترجیح ہے۔ ہم خطے میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے جی بی حکومت کو ہر ممکنہ وسائل فراہم کریں گے۔




