انطالیہ / اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف ترک صدر رجب طیب اردوان کی خصوصی دعوت پر ترکیہ کے شہر انطالیہ پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ بین الاقوامی سطح کے معتبر "انطالیہ ڈپلومیسی فورم” میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ وزیراعظم کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ کامیاب ثالثی کے باعث عالمی سفارت کاری کے مرکز میں آ چکا ہے۔
انطالیہ پہنچنے پر ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا، جس کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم نے شاندار استقبال پر ترک قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ "ترکیہ آنا ہمیشہ ایسا ہی لگتا ہے جیسے میں اپنے دوسرے گھر آیا ہوں۔ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ کی مجموعی صورتحال اور خطے میں جنگ کے خاتمے کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف آج فورم کے ایک خصوصی پینل میں شرکت کریں گے جہاں وہ پاکستان کا عالمی موقف پیش کریں گے۔ وزیراعظم مشرقِ وسطیٰ میں جنگ بندی اور ایران و امریکہ کے درمیان ہونے والی حالیہ پیش رفت پر پاکستان کے کلیدی کردار کی وضاحت کریں گے۔وہ عالمی اقتصادی استحکام اور غیر یقینی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشترکہ عالمی کوششوں کی اہمیت پر زور دیں گے۔
وزیراعظم کی صدر رجب طیب اردوان سمیت فورم میں شریک دیگر ممالک کے سربراہانِ مملکت سے بھی اہم ملاقاتیں شیڈول ہیں۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ دفاعی پیداوار، تجارتی حجم میں اضافے اور سرمایہ کاری کے نئے منصوبوں پر بات چیت کی جائے گی۔سفارتی ماہرین کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف کا یہ دورہ اور انطالیہ فورم میں ان کی شرکت پاکستان کے بڑھتے ہوئے بین الاقوامی اثر و رسوخ اور کامیاب خارجہ پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔




