پاکستان
Trending

اسلام آباد میں پاک ،ایران ‘گرینڈ ڈیل’ کی تیاریاں، اتوار کو فیصلہ کن ملاقات کا امکان:امریکی میڈیا کا انکشاف

 

اسلام آباد:امریکی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ کے خاتمے اور جوہری تنازعات کے حل کے لیے اسلام آباد کو ایک بار پھر مذاکرات کے مرکز کے طور پر منتخب کر لیا گیا ہے۔ اتوار کو ہونے والا دوسرا دور ایک بڑے بریک تھرو کی جانب اشارہ کر رہا ہے۔
زیرِ بحث 3 صفحات پر مشتمل امن معاہدے کے اہم خدوخال درج ذیل ہیں۔ امریکا ایران کے 20 ارب ڈالر کے منجمد اثاثے واگزار کرنے پر غور کر رہا ہے۔ مالی ریلیف کے بدلے ایران کو اپنے پاس موجود افزودہ یورینیم کا ذخیرہ تلف کرنا ہوگا۔ ایران نے اپنا جوہری مواد امریکا منتقل کرنے کا مطالبہ مسترد کرتے ہوئے، ملک کے اندر ہی یورینیم کی افزودگی کم کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
ایران کو صرف طبی مقاصد کے لیے نیوکلیئر ریسرچ ری ایکٹر رکھنے کی اجازت دی جائے گی۔ امریکا کی شرط ہے کہ تمام جوہری تنصیبات زمین کے اوپر منتقل کی جائیں تاکہ مکمل نگرانی ممکن ہو۔حالیہ دنوں میں صدر ٹرمپ کی جانب سے آبنائے ہرمز کھولنے پر ایرانی قیادت کا شکریہ ادا کرنا اس بات کی علامت ہے کہ دونوں فریقین اب محاذ آرائی کے بجائے مفاہمت چاہتے ہیں۔ تاہم، فنڈز کی مقدار پر اب بھی کچھ اختلاف باقی ہے۔
ایران نے مجموعی طور پر 27 ارب ڈالر کی واپسی کا مطالبہ کیا تھا، جسے فی الحال امریکا نے مسترد کرتے ہوئے 20 ارب ڈالر کی پیشکش برقرار رکھی ہے۔ ابتدائی طور پر اس رقم میں سے 6 ارب ڈالر ادویات اور خوراک کے لیے فوری جاری کیے جا سکتے ہیں۔
اسلام آباد میں ہونے والے یہ مذاکرات پاکستان کی بڑھتی ہوئی سفارتی اہمیت کا ثبوت ہیں۔ عالمی ماہرین کی نظریں اب اتوار کی اس ملاقات پر جمی ہیں جو مشرقِ وسطیٰ میں دہائیوں سے جاری تناؤ کو ختم کرنے کی بنیاد بن سکتی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button