اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی میں توسیع کے بعد کی صورتحال اور خطے کی سیکیورٹی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کو ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی سفارتی کوششوں پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں سینئر وفاقی وزراء اور اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق، پاکستانی قیادت آج بھی ایرانی قیادت کے ساتھ اہم ٹیلیفونک رابطے کرے گی تاکہ مذاکراتی عمل کو مزید آگے بڑھایا جا سکے اور خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار کی جا سکے۔
پاکستان نے امریکی صدر کی جانب سے جنگ بندی میں توسیع کے اعلان کا باقاعدہ خیر مقدم کیا ہے۔ وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشیدگی کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے اپنا مصالحتی کردار جاری رکھے گا۔
اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے اور اسے کامیاب بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہا ہے، تاکہ مشرق وسطیٰ کو کسی بڑی جنگ سے بچایا جا سکے۔




