لاہور: قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں پشاور زلمی نے حیدرآباد کنگزمین کو 5 وکٹوں سے ہرا کر 8 سالہ انتظار ختم کر دیا اور پی ایس ایل کے نئے چیمپئن بن گئے۔زلمی کی بولنگ کا قہر: ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرتے ہوئے پشاور زلمی نے حیدرآباد کنگزمین کو 129 رنز پر ڈھیر کر دیا۔ کنگزمین کی جانب سے صائم ایوب 54 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے، جبکہ مڈل آرڈر مکمل طور پر ناکام رہا۔
ہدف کے تعاقب میں زلمی کی شروعات انتہائی مایوس کن رہی، جہاں کپتان بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے اور محمد حارث صرف 6 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ 40 رنز پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد ایرون ہارڈی (55 ناٹ آؤٹ) اور عبدالصمد (48 رنز) نے 85 رنز کی میچ وننگ پارٹنرشپ قائم کر کے ٹیم کو فتح دلائی۔بابر اعظم کی قیادت میں پشاور زلمی نے دوسری بار ٹائٹل جیتا۔ اس سے قبل زلمی نے 2017 میں پی ایس ایل ٹرافی جیتی تھی۔سٹیڈیم میں شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے رنگا رنگ اختتامی تقریب اور سنسنی خیز فائنل کا بھرپور لطف اٹھایا۔




