لاہور: جیل کمپلیکس میں جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کے خلاف قتل کے مقدمے کی سماعت مکمل ہو گئی ہے، جس کے بعد عدالت نے ملزمہ کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے جو آج ہی سنایا جائے گا۔
ملزمہ کو پولیس کے کمانڈوز کی سخت سکیورٹی میں جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا۔ تفتیشی حکام نے عدالت کو مطلع کیا کہ قتل کی واردات کی گہرائی تک پہنچنے اور دیگر حقائق سامنے لانے کے لیے ملزمہ کا مزید جسمانی ریمانڈ درکار ہے، جس پر عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا۔
رکنِ نیٹ ورک اور مفرور ملزمہ کے خلاف اب کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) بھی میدان میں آ گیا ہے۔ سی ٹی ڈی نے ملزمہ کی باقاعدہ گرفتاری کی تیاریاں مکمل کرتے ہوئے عدالت میں ایک درخواست دائر کی ہے، جس میں منشیات کے مقدمے کی پولیس فائل کی کاپی مانگی گئی ہے۔ سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمہ ان کے پاس درج ایک مقدمے میں اشتہاری اور مفرور ہے، اور موجودہ کیس سے مہلت ملتے ہی اسے آفیشل تحویل میں لے لیا جائے گا۔




